پارٹی کے اندر جو انتشار اور ناراضگیاں ہیں انہیں دور کرنے کی ضرورت ہے، میر عبدالکریم نوشیروانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا سیاسی مستقبل روشن ہے، پارٹی کے اندر جو انتشار اور ناراضگیاں ہیں انہیں دور کرنے کی ضرورت ہے، پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کیلئے اتحاد و یکجہتی وقت کا تقاضہ ہے، پارٹی کے عہدیداران کارکن اور تمام پارلیمنٹینرین وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے ہاتھ مضبوط کریں، آئندہ الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی ہی برسر اقتدار آئے گی، یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر بی اے پی خاران کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئیکہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے خلاف پروپیگنڈہ بھی اسی لئے کیا جارہا ہے کہ بی اے پی نے بڑے قلیل عرصے میں عوام کے اندر اپنی جڑیں مضبوط کی ہیں عوامی پارٹی اور پھر الیکشن میں بھرپور عوامی مینڈیٹ حاصل کیا جو کہ سیاسی مخالفین کو ہضم نہیں ہورہا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو جو کہ باپ پارٹی کے مرکزی صدر بھی ہیں کا بلوچستان کی سیاست میں اہم کردار ہے اور وہ پارٹی کو صوبے میں فعال اور مضبوط بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں جوکہ قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ میری وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو سے اپیل ہے کہ وہ صوبے کے تمام علاقوں کو یکساں فنڈز دیکر جس طرح سے چلا رہے ہیں قابل دید ہے تاہم اپوزیشن کے حلقوں میں وہ اپنی جماعت کے ساتھیوں کو بھی ترجیح دیں تاکہ آئندہ انتخابات میں وہ کامیاب ہوکر آئیں اور صوبے کی ترقی وخوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں کیونکہ باپ پارٹی کا منشور اور پروگرام عوام کی امنگوں کے مطابق ہے اور وزیراعلیٰ بزنجو کا وڑن بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن و شانتی لازم و ملزوم ہے امن ہوگا تو ترقی و خوشحالی آئے گی لہذا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اپنی جماعت کے تمام وزراء کو ہدایت جاری کریں کہ وہ صوبے سے بے روزگاری اور غربت وافلاس کے خاتمے کیلئے اپنے محکموں میں بھرتیوں کے عمل کو جلد از جلد مکمل کریں اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھیں عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔