اعظم سواتی کو کوئٹہ سے باہر منتقل نہ کرنے کا حکم،ڈی جی ایف آئی اے ، محکمہ داخلہ بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان کو نوٹسز جاری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گونادر)بلوچستان ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ سے باہر منتقل نہ کرنے کا حکم دے دیا۔بلوچستان ہائی کورٹ نے گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف درج 5 مقامات کے خاتمے سے متعلق درخواست پر سماعت کے موقع پر ڈی جی ایف آئی اے، محکمہ داخلہ بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اعظم سواتی کو کوئٹہ سے باہر منتقل نہ کرنے کا حکم دے دیا۔پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹراعظم سواتی کے خلاف درج 5 مقدمات کو ختم کرنے سے متعلق بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس عامر رانا نے کی۔

سماعت کے موقع پر اعظم سواتی کی جانب سے ایڈووکیٹ نصیب اللہ اور اقبال شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے اعظم سواتی کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے ، محکمہ داخلہ بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان کو فریق بناتے ہوئے نوٹسز جاری کر دیے۔

ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ گرفتار ملزم اعظم سواتی کو کوئٹہ سے باہر منتقل نہ کیا جائے، کیس کی سماعت 9 دسمبر کو ہوگی۔اعظم سواتی نے گزشتہ ہفتے پاک فوج کے اعلیٰ افسر کے خلاف توہین آمیز ٹوئٹ کی تھی جس کے بعد ان کے خلاف اسلام آباد کے علاوہ کوئٹہ اور کراچی میں بھی مقدمات درج کئے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے