سیلاب سے 30ارب ڈالر کا نقصان ہوا، احسن اقبال
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سیلاب سے 30ارب ڈالر کا نقصان ہوا، آفت سے نمٹنے کیلئے سارا ملک اکٹھا ہوگیا۔سوموار کے روز ایس ڈی پی آئی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں دوست ممالک نے بھی ساتھ دیا، سردیوں میں سیلاب متاثرین کو ہماری بہت ضرورت ہے، اپنے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے نقصان کو پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں،
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا جنوبی ایشیائی ممالک کو غذائی سلامتی، معیار زندگی برقرار رکھنے جیسے چیلنجز، موسمیاتی تبدیلی سمیت سیاسی مسائل کا بھی سامنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ روس یوکرین جنگ نے ترقی پذیر ممالک کیلئے مشکلات میں مزید اضافہ کیا، کورونا وباء کے دوران مہنگائی عالمی سطح پر عروج کو پہنچی۔ ترقی پذیر ممالک کو صفر شرح سود پر قرض فراہم کیے جانے چاہئیں۔ صحت اور شفاف توانائی سمیت اہم منصوبے دیرپا ترقیاتی اہداف کے تحت پورے کیے جانے چاہئیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ غریب اضلاع میں 40 ارب روپے کے مختلف منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جنوبی ایشیائی ممالک آپس میں جنگ کی بجائے غربت، ناخواندگی کے خلاف مشترکہ جنگ کریں۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ سارک ممالک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سارک ممالک کے درمیان تجارت میں بڑی روکاٹ بھارت ہے، بھارت اگر بڑا دل کرے تو جنوبی ایشیا ممالک کے ایک چوتھائی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔