ہمارے ساتھ بیٹھیں، بات کریں یا اسمبلیاں تحلیل کر دیں،عمران خان

لاہور(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں، بات کریں یا پھر اسمبلیاں تحلیل کر دیں۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس معیشت ٹھیک کرنے کے لیے کوئی روڈ میپ نہیں ہے اور ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں معیشت 6 فیصد گروتھ کر رہی تھی لیکن اب پاکستان میں ڈیفالٹ رسک 100 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اسحاق ڈار آج چپ کر کے بیٹھا ہوا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے اور مہنگائی بڑھنے سے اسٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں بےروزگاری بھی بڑھتی جار ہی ہے جبکہ سیاسی استحکام کے لیے فوری انتخابات کی طرف جانا ہو گا کیونکہ سیاسی استحکام تک ملک میں معاشی استحکام نہیں آسکتا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو 66 فیصد ملک میں انتخاب ہو گا۔ یہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر انتخابات کی تاریخ دیں یا پھر ہم اسمبلیاں تحلیل کر دیں۔ ق لیگ ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور پرویز الہٰی نے کہا ہے جب میں کہوں گا اسمبلی تحلیل کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم ان کو موقع دے سکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور بات کریں۔ یہ انتخابات سے خوفزدہ ہیں اور انہیں ملک کی کوئی فکر نہیں ہے۔ میں نے ملک کی بہتری کے لیے سوچا کہ فوری انتخابات کی طرف جائیں اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مقصد فوری انتخاب کی طرف جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب نئی حکومت آئے گی تو ملک میں استحکام آئے گا اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ پاکستان کے لیے کیا ہے۔ بیرون ملک سے سرمایہ کاری نہیں آرہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے