مرکزی قیادت نے ہمیں جو مشن سونپا ہے اسکی تکمیل تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا،میر چنگیر خان جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیر خان جمالی نے کہا ہے کہ صوبائی قیادت کی فعالیت اور ورکرز کی محنت سے بلوچستان میں پارٹی روز بروز فعالیت کی طرف گامزن ہے،مرکزی قیادت نے ہمیں جو مشن سونپا ہے اسکی تکمیل تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا،صوبائی قیادت جنوری سے مختلف اضلاع اور ڈویژن کے دوروں کا شیڈول جاری کرنے والی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو پیپلز وومن ونگ بلوچستان کی صوبائی صدر غزالہ گولہ، جنرل سیکرٹری زرینہ زہری، سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ کی جانب سے کوئٹہ کلب میں صوبائی قیادت کے اعزاز میں دی گئی ٹی پارٹی کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی سابق صوبائی وزیر صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نواب محمد خان شاہوانی اور چیئرمین بلاول بھٹو کے کوآرڈینیٹر برائے پی وائی او و پی ایس ایف آفیئرز میر سہراب خان مری نے بحیثیت مہمان خاص شرکت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی قیادت کی فعالیت اور ورکرز کی محنت سے بلوچستان میں پارٹی روز بروز فعالیت کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے صوبائی عہدیداروں، ذیلی ونگز سمیت تمام ورکرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر ہمارے پاس وقت بہت محدود ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام پارٹی جیالے بلاول بھٹو اور پارٹی کا پیغام گھر گھر تک پہنچانے کیلئے جدوجہد کو مزید تیز کرے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی قیادت جنوری سے مختلف اضلاع اور ڈویژن کے دوروں کا شیڈول جاری کرنے والی ہیں اور ڈسٹرکٹ گوادر سے دوروں کا آغاز کرینگے، ہماری کوشش ہوگی کہ ان جلسوں میں چیئرمین بلاول بھٹو اور دیگر مرکزی قیادت کی شرکت کو ممکن بناسکے۔ انہوں نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ مرکزی قیادت نے ہمیں جو مشن سونپا گیا ان کی تکمیل تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر مہمان خاص چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کوآرڈینیٹر میر سہراب خان مری نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ میرے دورے کا مقصد تو پی وائی او بلوچستان اور پیپلز ایس ایف بلوچستان کے صوبائی قیادت سے ملاقات، تنظیمی مسائل اور تنظیمی فعالیت پر ساتھیوں کی آراء معلوم کرنا تھا لیکن بلوچستان کی صوبائی قیادت مختلف ذیلی ونگز اور ورکرز نے جو عزت افزائی کی میں ان سب کا طے حد مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران صوبائی قیادت اور جیالوں کے جو مسائل اور مشکلات میرے نوٹس میں آئے یا لائے گئے۔ میں ان کو امانت سمجھ کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مرکزی قیادت تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ضرور ادا کروں گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر ثناء اللہ جتک، ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی، وومن ونگ بلوچستان کی جنرل سیکرٹری زرینہ زہری، انفارمیشن سیکرٹری کرن بلوچ۔ سید ظہور آغا ایڈوکیٹ نے تنظیمی امور اور بلوچستان کے ورکرز کو درپیش مسائل سے میر سہراب مری کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر پیپلز خواتین ونگ کی صدر غزالہ گولہ نے پیپلز وومن ونگ بلوچستان کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کوآرڈینیٹر میر سہراب خان مری، صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی اور دیگر عہدیداروں اور ورکرز کی شرکت کو پیپلز وومن ونگ بلوچستان کے لئے ایک اعزاز کرار دیتے ہوئے کہا کہ دراصل اس ٹی پارٹی کا مقصد تمام صوبائی قیادت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی ایک چھوٹی سی کوشش اور خواہش تھی۔ جس میں صوبائی قیادت صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، ذیلی ونگز کے عہدیداران اور سنیئر رہنماوں کی شرکت ہمارے لئے ایک اعزاز سے کم نہیں۔ ٹی پارٹی میں صوبائی عہدیداروں، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین،ڈویژنل، ڈسٹرکٹ کوئٹہ اور ذیلی ونگز کے عہدیداروں آور ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے