سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کر دیا

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کر دیا۔ سروس ٹربیونل کے خصوصی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری ہو گیا۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ وکیل عابد زبیری نے کہا غلام محمود ڈوگر کو فیڈرل سروس ٹربیونل نے بحال کیا تھا تاہم سروس ٹربیونل کے ہی دو رکنی بنچ نے بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا۔ ٹربیونل کے دو رکنی بنچ کا فیصلہ دوسرا دو رکنی بنچ معطل نہیں کر سکتا ہے۔ حکومت کی نظرثانی درخواست بھی ٹربیونل میں زیرالتواء تھی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ ٹربیونل کا ایک بنچ دوسرے بنچ کا فیصلہ کیسے معطل کر سکتا ہے؟ خصوصی بنچ نے ایک جانب کہا درخواست قبل ازوقت ہے ساتھ ہی حکم معطل کر دیا۔ جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا لاہور ہاہیکورٹ نے کیسے کہہ دیا کہ آئینی درخواست قابل سماعت نہیں؟ جس پر وکیل عابد زبیری نے کہا صوبائی حکومت سی سی پی او کو ریلیز نہیں کرنا چاہ رہی تھی۔عدالت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کرنے کا حکم سناتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے