سابق سفیر اسد مجید سیکریٹری خارجہ تعینات
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)حکومت پاکستان نے امريکا ميں تعینات سابق پاکستانی سفير اسد مجید کو سیکریٹری خارجہ تعینات کر دیا ہے۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جمعہ دو دسمبر کو اسد مجید کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اسد مجید اس وقت بیلجیئم، یورپی یونین اور لیگسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اسد مجید فوری طور پر عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ڈاکٹر اسد مجید کا تعلق فارن سروسز پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے افسر ہیں، وہ ملک کے 31 ویں سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
وفاقی سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سوا تین سال اس اہم عہدے پر فرائض سر انجام دینے کے بعد 29 ستمبر کو سبکدوش ہوگئے تھے، جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔ سہیل محمود نے اپنی پیشرو تہمینہ جنجوعہ کے بعد اپریل 2019 میں وفاقی سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور اب ڈاکٹر اسد مجید ان کی جگہ سنبھالیں گے۔