جنرل عاصم منیرایک بہادر اور پیشہ ور سپہ سالار ہیں،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلو چستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف تعینات ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں جنرل سید عاصم منیرکو پاک آرمی کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک بہادر اور پیشہ ور سپہ سالار ہیں اور ان کی زندگی وطن کے لئے خدمات اور کارناموں سے سجی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیرپاک فوج میں ایک بڑے دلیر اور اصول پسند آفیسر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کی بطور آرمی چیف تعیناتی پاکستان کے لئے نہایت خوش آئند بات ہے۔ جنرل عاصم منیر جنگی محاذ پر ایک وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ایک قابل اور پروفیشنل جنرل ہیں اور ہر قسم کے اندرونی و بیرونی جنگی حالات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی تعیناتی پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں مددگار ثابت ہو گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دنیا کی بہترین اور بہادر فوج کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنابڑا اعزاز ہے۔ پاک آرمی کو آپ جیسا پیشہ ورانہ قابلیت اور صلاحیتوں کے حامل سربراہ ملنا وطن کے لئے نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو پورا یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ و سلامتی اور دہشت گردی جیسے عفریت کے خاتمے سمیت سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اوردعا ہے کہ آئندہ بھی آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں ان فتنوں اورسیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ تعالیٰ مدد و رہنمائی فرمائے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے پوری قوم کا تعاون آپ کے ساتھ ہے۔بلوچستان کے عوام نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو یقین دلاتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں یقین ظاہر کیا کہ جس طرح آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرمختلف عہدوں پرکامیابی سے فرائض بخوبی سرانجام دیتے رہے ہیں وہ تسلسل جاری رہے گا اور پاکستان ایک سچے اور محبت وطن پاکستانی اور پاکستان سے محبت کرنے والے فوجی افسر کے تجربے اور دہشت گردوں کے خلاف پختہ عزم رکھنے والے وطن کے بیٹے کی قیادت میں امن کا گہوارہ بن جائے گا جس سے پاکستان بالخصوص بلوچستان تیزرفتار ترقی کی راہ پر گامزن کا سفر تسلسل سے جاری رکھے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے جنرل عاصم منیر کی مختلف محاذ پر جنگی اور قائدانہ صلاحیتوں اورخدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر ایک بہادر افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور انہوں نے جس بھی عہدے پر کام کیا اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیاجو قابل ستائش ہیں۔پوری قوم کو پاک فوج کی لازوال قربانیوں اور صلاحیتوں پر فخر ہے۔پاکستان کی سلامتی، ترقی، دفاع اور ہر بیرونی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان ایک تھاایک ہے اورایک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام صوبے میں امن و امان اور تیز رفتار ترقی کے لئے پاک افواج کے ساتھ ہے اور اس مقصد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو سیاسی، معاشی، عسکری سمیت تمام میدانوں میں کامیابی عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے