تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک اور قوم ترقی نہیں کرسکتی ہے ہمیں چاہئے کہ اپنے نوجوانوں اور بیٹیوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کریں،قاسم جاوید
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں تعلیم کے فروغ اور مروجہ نصاب کے حوالے سے جمعہ کو جاوید پبلشترز کے زیراہتمام ایک سیمینار مقامی ہوٹل میں منعقدہواجس میں پرائیویٹ اسکولز کے پرنسپلز صاحبان،اساتذہ کرام اوردیگرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔سیمینار سے جاویدپبلشرز کے سی ای او قاسم جاوید،آل بلوچستان پروگریسو پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر محمد نواز پندرانی، چیئرمین محمدعارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک اور قوم ترقی نہیں کرسکتی ہے ہمیں چاہئے کہ اپنے نوجوانوں اور بیٹیوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کریں کیونکہ کل انہی نوجوانوں نے بڑے ہوکرملک اورقوم کی باگ ڈورسنبھالنی ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان سمیت ملک بھرمیں تعلیم کے فروغ کیلئے پرائیویٹ اسکولز کے کردارسے کسی بھی صورت انکار ممکن نہیں ہے پرائیویٹ اسکولز تعلیم کے فروغ میں اہم کردارادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قائم پرائیویٹ اسکولزمیں لاکھوں کی تعدادمیں بچے زیر تعلیم ہیں جن کی بہتر تعلیم اورتربیت کو یقینی بنایاجارہاہے تاکہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے بعدملک اورقوم کی خدمت کرسکیں۔ تقریب کے اختتام پر جاویدپبلشرز کے سی ای او قاسم جاوید نے اسکولوں کے پرنسپل اور حاضرین کاشکریہ اداکرتے ہوئے اس امرکی یقین دہانی کرائی کہ فروغ تعلیم میں کسی بھی قسم کی خدمات سے انکارنہیں کیاجائے گا۔