شہرمیں ٹریفک کے نظام کوبہتر بنانے کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دیکرعمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا،عبدالخالق شیخ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری اور مصروف اوقات میں ٹریفک سے متعلق مسائل اور عوامی مشکلات کے حل کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پلان تشکیل دیکر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ٹریفک پولیس انتہائی محدود وسائل اور نفری کے باوجود شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کوئٹہ شہر کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کیلئے ٹریفک انجیئرنگ بیوروکا قیام، پارکنگ پلازہ جات کی تعمیر، مختلف چوراہوں پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب، تنگ سڑکوں کو چوڑا کرنا، سڑکوں پر موٹر سائیکل اسٹینڈز کا خاتمہ، موٹر گاڑیوں اور گیرجز کی شہری حدود سے باہر منتقلی اور شہر میں بلڈنگ کوڈ پر عمل درآمد کروایا بے حد ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس میں کوئٹہ شہر میں ٹریفک سے متعلقہ مسائل کے حل کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالصدیق مندوخیل، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن سہیل الرحمن بلوچ، ڈی آئی جی کوئٹہ اظفر مہیسر، ڈپٹی کمشنر شہک بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کہاگیا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری اور قوانین پر عملدرآمد کرانے کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں۔اس سلسلے میں ٹریفک اہلکار ٹریفک قوانین کے حوالے سے شہریوں خصوصاً شاپنگ پلازوں، ہسپتالوں کی انتظامیہ اور شہر میں مختلف قسم کی گاڑیوں،رکشوں کے ڈرائیور اور موٹرسائیکل سواروں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کر تے رہے کیونکہ ٹریفک قوانین سے مکمل طور پربہرہ ورہونے سے شہریوں میں احسا س ذمہ داری پیدا ہوتی ہے جس میں وہ مخصوص جگہوں پر گاڑیوں کی پارکنگ کرنے کے علاوہ زیبرا کراسنگ، ٹریفک سگنل کے پیدل چلنے والوں کا احترام کے علاوہ ڈبل پارکنگ سے اجتناب کریں گے جس سے کافی حد تک ٹریفک کے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی۔اجلاس سے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ ہمارے معاشر ے میں پڑھے لکھے افرادمیں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور نہ ہونے کی وجہ سے شہر کی ٹریفک کا فی حد تک مسائل کا شکار ہے۔ٹریفک اہلکاروں کی موجودگی اور غیر موجودگی کے بغیر ہی احسا س ذمہ داری کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈرائیونگ کریں تو ٹریفک مسائل کا فی حد تک حل ہونے میں مدد ملی سکتی ہے انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے ڈرائیونگ کے دوران اپنی اور دوسروں کی قیمتی جان بچانے میں بھی کامیاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک سگنلز کو جلدفعال کیا جائے گا تاہم ٹریفک پولیس کی طر ف سے بار بار توجہ دلانے پر حکومت بلوچستان نے کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات چائنا چوک، منان چوک، سائنس کالج چوک، سمنگلی زرغون کراس، اور T&T چوک پر ٹریفک کے سگنلوں کو مر مت اورجلد بحال کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ ہاکی چوک اور سبزل اسپنی کراس پر مستقبل قریب میں نیا سگنل لگایا جائیگا۔اجلاس میں شہر کی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے،رش کے اوقات کار میں خصوصاً انتظامات کے لیے دیگر ٹریفک سے متعلقہ مسائل کے حل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے