وفاقی حکومت کے زیر انتظام سٹیٹ بنک اور نیشنل بنک کا سودی نظام کے خلاف اپیلیں واپس لینا خوش آئند ہے، مولانا عبدالغفورحیدری
کراچی/کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام سٹیٹ بنک اور نیشنل بنک کا سودی نظام کے خلاف اپیلیں واپس لینا خوش آئند ہے دیگر بنک بھی اپنی اپیلیں واپس لیں۔اسلام کا ایک مضبوط اور قابل عمل نظام معیشت ہے آئین پاکستان کا تقاضا ہے کہ ہم اس نظام پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمان کی کوششوں سے آج اس اہم سیمینار کا انعقاد ہوا۔اہل علم،ماہرین معیشت مل کر اس نظام سے اپنی جان چھڑائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کبھی اپنے کاز اور مشن سے غافل نہیں رہی،اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے اپنی تئیں کوششوں میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔سینیٹرمولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ ہم حکومت میں ضرور ہیں لیکن حکومت ہماری منزل نہیں بلکہ منزل کے حصول کا ایک ذریعہ ہے۔