دہشت گردی کی کاروائیوں سے ہمارے عزم کو کمزورنہیں کیا جاسکتا، آغا عمر بنگلزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سابق نگران وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی نے کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں پو لیس کے ٹرک پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کاروائیوں سے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا،سیکورٹی فورسز اور عوام نے صوبے کی خاطر بہت سی قربانیاں دی ہیں جس کے بدولت ملک آج اپنے پیروں پر کھڑا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے سیکورٹی فورس پر بزدلانہ حملہ کیاسیکورٹی فورسز کے حوصلے بلند اور عزم مضبوط ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر اور انکے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کاروائیوں سے امن کے قیام کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا،بیرونی قوتوں کی ایما پر بننے والے دہشتگردی کے منصوبے کو خاک میں ملا کر ہمیں محفوظ بنانے والے اپنے محافظین کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا ہے۔