بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے صوبائی حکومت نے آ ٹھ ارب روپے خرچ کئے،وزیر اعلی بلوچستان کے ریلیف فنڈ میں 1 ارب روپے جمع ہوسکے
کوئٹہ (ڈیلی گرین گواد)بلوچستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی نقصانات کے بعد امداد اور بحالی کے عمل میں صوبائی حکومت نے آ ٹھ ارب روپے خرچ کئے جبکہ وزیر اعلی بلوچستان کے ریلیف فنڈ میں ایک ارب روپے جمع ہوسکے۔ذرائع کے مطابق حکومت بلوچستان نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کے اب تک 8 ارب روپے سے زائد کی رقم کا اجراء کیا ہے جس میں پی ڈی ایم اے کے لئے تین ارب 57کروڑ، زراعت کے شعبے کی بحالی کے ڈھائی ارب روپے، آبپاشی کیلئے 99کروڑ روپے، مواصلات و تعمیرات کے لیے ستر کروڑ روپے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لیے 71کروڑ ستر لاکھ روپے، بلدیات کے لیے گیارہ کروڑ روپے اور صحت کے شعبے کے لیے دس کروڑ روپے فلڈ سرگرمیوں کے لئے ریلیز کئے گئے ہیں۔اسی طرح حکومت بلوچستان کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کے لیے قائم کردہ امدادی فنڈ میں 1 ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہوئی ہے جو متاثرہ علاقوں میں امداد و بحالی کے کاموں پر خرچ کی جائے گی۔ دوسری جانب متاثرین سیلاب سرد موسم شروع ہونے کے باعث کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔واضح رہے کہ بلوچستان میں رواں سال مون سون بارشوں اور سیلاب سے 336افراد جاں بحق،جبکہ 187افراد زخمی ہوئے،دو لاکھ 42ہزار مکانات مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہوئے،23سو کلومیٹر روڈ اور 58 پل ٹوٹ گئے،چار لاکھ 35ہزار مال مویشی مارے گئے جبکہ 4لاکھ 75ہزار 721ایکٹر پر زراعت تہس نہس ہوگئی۔