انسداد دہشتگردی عدالت،عمران خان کو آئندہ سماعت پر ہرصورت پیشی کی ہدایت

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔تھانہ سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس نے کی۔

دوران سماعت وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان زخمی ہیں، سفر نہیں کر سکتے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ عمران خان ایک سیاسی اجتماع میں موجود تھے۔اس کیس کو زیادہ دیر التو کا شکار نہیں بنا سکتے۔عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان اسلام آباد میں موجود ہیں یا لاہور؟ بابر اعوان نے بتایا کہ عمران اس وقت لاہور میں موجود ہیں۔

انسداد ہشت گردی عدالت میں وکیل بابر اعوان نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ جمع کرا دی۔عدالت نے کہا کہ اگلی سماعت پر عمران خان کی پیشی ہر صورت یقینی بنائیں۔وکیل نے کہا کہ عمران خان عدالت پیش ہونا چاہتے ہیں مگر اسلام آباد انتظامیہ عمران خان کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی، جس پر عدالت نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کو اسلام آباد داخلے سے روکنے کا حکم نامہ آپ کے پاس ہے؟۔

بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ حکم نامہ تحریری طور پر نہیں، زبانی کہا گیا ہے۔عدالت نے کہا کہ عمران خان کے داخلے کے معاملے پر عدالت انتظامیہ سے وضاحت بھی طلب کر سکتی ہے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے