اس سال 18 خواجہ سراہ میں ایچ آئی وی ایڈز کے وائرس پائے گئے جوکہ ایک المیہ ہے، ڈاکٹر افضل خان زرکون
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ایڈز کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام ورلڈ ایڈز ڈے کے سلسلے میں آگہی مہم کے دوران کوئٹہ میں گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آل کوئٹہ رکشہ یونین نے جنرل سیکرٹری طارق محمود کی قیادت میں بھرپور شرکت کی اور اس موقع پر سینکڑوں رکشوں پر ایچ آئی وی ایڈز سے متعلق آگہی بینرز آویزاں کئے گئے۔ اس تقریب میں رکشہ یونین کے عہدیداران اور ممبران کے علاؤہ ایڈز کنٹرول نیٹ ورک بلوچستان کے ممبران اور بلوچستان ایڈز کنٹرول پروگرام سے کوآرڈینیٹر برائے این جی اوز ڈاکٹر ممتاز مگسی، حاجی محمد اشفاق،عبدالرؤف،دوست محمد اور دیگر نے شرکت کی۔ آگہی مہم کے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پراونشل منیجر صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام بلوچستان ڈاکٹر افضل خان زرکون نے کہا کہ ایونٹ کا بنیادی مقصد کوئٹہ میں لوگوں میں ایڈز سے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنے کے لئے رکشاؤں پر اویرنیس بینرز آویزاں کرنا ہے تاکہ عوام الناس کو بھی ایڈز سے آگہی حاصل ہوکیونکہ کوئٹہ میں خطرناک حد تک ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جوکہ خطرے کی الارمنگ ہے۔ڈاکٹر افضل خان زرکون نے کہا کہ لوگ تین چیزوں کے ساتھ احتیاط نہیں کررہے ہیں جوکہ ایڈز کا موجب بن رہے ہیں ان تین چیزوں میں کسی مریض کو انتقال خون کے دوران خون کا باقاعدہ ٹیسٹ نہ کرنا، استعمال شدہ سرنج کا بار بار استعمال اور آلات جراحی سمیت حجام کی دوکان پر نئے بلیڈ کی بجائے پرانے استعمال شدہ بلیڈ کا استعمال اور تیسرا غیر محفوظ جنسی تعلقات ہے۔ڈاکٹر افضل خان زرکون نے کہا کہ کوئٹہ گرمیوں کے موسم میں دوسرے شہروں سے کوئٹہ آنے والے لڑکے اور خواجہ سراہ اس مہلک وائرس کے موجب بن رہے ہیں۔ اس سال 18 خواجہ سراہ میں ایچ آئی وی ایڈز کے وائرس پائے گئے جوکہ ایک المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کو شعور دینا ہے کہ وہ محفوظ اور محتاط زندگی گزاریں اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ایڈز جیسے بیماریوں سے خود کو ایڈز جیسے مہلک بیماری سے خود کو محفوظ رکھیں۔ ڈاکٹر افضل خان زرکون نے کہا کہ عالمی یوم ایڈز کے تناظر میں 25 نومبر سے جاری مہم 5 دسمبر تک جاری ر ہے گی۔جبکہ ہم بلوچستان میں ایڈز کی بڑھتی ہوئی تشویش ناک صورتحال سے متعلق ڈیٹا 30 نومبر کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔