آیت اللہ خامنہ ای کی بھانجی حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت پر گرفتار
تہران(ڈیلی گرین گوادر) ایران کے سپریم لیڈرکی بھانجی فریدہ مرادخانی نے مھسا امینی کی پولیس ہلاکت کے بعد ملک بھر میں جاری حکومت مخالف احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مظاہرین کے ساتھ کھڑا ہونے کا مطالبہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی بہن بدری خامنہ ای کی بیٹی فریدہ مراد خانی نے ویڈیو پیغام میں ایرانی حکومت کو خواتین اور بچوں کی قاتل قراردیدتے ہوئے عالمی برادری سے مظاہرین کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ٹوئٹر پر فریدہ مراد خانی کے بھائی نے دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیو چار دن پرانی ہے اور اس ویڈیو کے اپ لوڈ کرنے کے دوسرے روز ہی سیکیورٹی فورسز نے میری بہن کو گرفتار کرلیا جو تاحال نامعلوم مقام پر قید ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فریدہ مراد خانی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام آزادی پسند ممالک مظاہرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایران سے اپنے تمام سفارتی نمائندوں کو واپس بلالیں اور اس ظالم حکومت کے نمائندوں کو اپنے ملک بدر کر دیں۔خیال رہے کہ فریدہ مراد خانی ماضی میں بھی حکومت کی ناقد رہی ہیں جس کے باعث 2018 اور رواں برس کے آغاز میں بھی گرفتار ہوئی تھیں۔