عمران خان راولپنڈی پہنچ گئے، پی ٹی آئی کا جلسہ شروع
راولپنڈی( ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کیا گیا راولپنڈی میں جلسہ شروع ہو گیا ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی چیئر مین بھی راولپنڈی پہنچ گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین لانگ مارچ میں شرکت کے لیے راولپنڈی پہنچ گئے ہیں۔ وہ نجی طیارے کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی پہنچے اور ان کے طیارے نے نور خان ایئربیس پر لینڈ کیا۔ دوسری طرف انتظامیہ کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کردیا جس کے بعد اب سکستھ روڈ فلائی اوور پر سٹیج بنایا گیا جبکہ پنڈال چاندنی چوک تک لگایا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 26 نکات پر جلسے کی اجازت دے دی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کو رات بارہ بجے سے پہلے جلسہ گاہ کو خالی کرنا ہوگا۔
راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی کوفخرہے آج ہم میزبان ہے، کہاں ہے رانا ثنا نکل کر آؤ، عوام کا سمندررانا ثنا کواٹھا کرلے جائے گا۔ آج اہم بات کہنا چاہتا ہوں، آٹھ ماہ تک اپنی زبان کو بند رکھا، ہماری لڑائی فوج نہیں بلکہ نواز شریف، شہبازشریف، زرداری اور فضل الرحمان سے ہے، ملک میں سیاسی طوائفوں کا بازار لگا، لوگوں کی قیمت لگا کرعمران خان کی حکومت کوگرایا گیا، آج ملک کی معیشت تباہ ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی نسلی اور اصلی لوگوں کا شہرہے، ملک کا غریب آدمی مرگیا ہے، اسحاق ڈار جھوٹ بول رہا ہے، کوئی ایل سی نہیں کھل رہی، جھوٹوں کوآئینی طریقے سے نکالنا چاہتے ہیں۔ ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے، جب معیشت ڈوبتی ہے تو قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے، تین سپرپاورکے ساتھ پاکستان کا بارڈرلگتا ہے۔ فوج نے کہا ہے سیاست میں کبھی حصہ نہیں لیں گے، ملک ڈوب رہا ہے، ہماری کسی چینلزسے نہیں گینگ آف فائیو سے لڑائی ہے، نوازشریف، شہباز شریف،زرداری،مولانا فضل الرحمان سےلڑائی ہے۔ بہت اچھا فیصلہ ہے فوج سیاست میں نہ آئے، جب فوج سیاست میں نہیں آئے گی تو پی ڈی ایم کا جنازہ نکل جائے گا،13جماعتوں کا ایک ہی نام چوراورڈاکوہے، چوروں، ڈاکوؤں کو ملک پر مسلط کر دیا ہے، کوئی جیرا بلیڈ مسلط کر دیتے تو قوم ردعمل نہ دیتی، قوم ردعمل اس لیے دے رہی ہے قوم نے انہیں مسترد کردیا ہے۔ ہم تمام مذاکرات کے دروازے کھولنا چاہتے ہیں لیکن شرط الیکشن کی تاریخ دی جائے، ڈوبتی کشتی کوصرف عمران خان بچاسکتا ہے، یہ ملک ڈوب رہا ہے، ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے، آج جوبھی عمران خان فیصلہ کریں گے لبیک کہیں گے۔ یہ چور،ڈاکوسامراج کے ایجنٹ ہیں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ ہم فوج کے خلاف پہلے تھے نہ آئندہ کوئی بات کریں گے، نئے آرمی چیف سے ارشد شریف کی فیملی کو بڑی امیدیں ہیں، ہم امید کرتے ہیں ارشد شریف کی فیملی کوانصاف ملے گا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نے کہا کہ ہمیں امید ہے ادارے کے اندر تبدیلی آئے گی، ہم چاہتے ہیں تاریخ کو ٹھیک کیا جائے۔ ہمارا کوئی مطالبہ غیر جمہوری نہیں، عوام کا فیصلہ تسلیم کرو ملک میں عام انتخابات کا اعلان کرو، اگرآپ لوگوں کے ساتھ عوام ہے تو میدان میں آ کر مقابلہ کرو، ملک میں جبر کا خاتمہ ہو رہا ہے، فیصلہ جوبھی ہو ہم عمران خان کے پیچھے کھڑے ہیں، شہبازشریف کوپتا چلا عمران خان آرہا ہے توترکیہ بھاگ گیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے جلسے میں لوگ واپس جانے کے لیے نہیں آئے، ملک کی تاریخ کودرست کیا جائے،8 ماہ پہلے ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، شہبازشریف آپ واپس آؤہم آپ کوایئرپورٹ پرملیں گے۔