برازیل کے دو اسکولوں میں فائرنگ سے نوعمر لڑکی سمیت 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی

برازیلیا( ڈیلی گرین گوادر)برازیل کے دو اسکولوں میں فائرنگ سے نوعمر لڑکی سمیت 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے۔فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی برازیل کی اسٹیٹ ایسپریٹو سانٹو کے دو اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات میں تین افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جس نے نازی پارٹی کی علامات پہن رکھی تھیں۔حکام کے مطابق 16 سالہ حملہ آور نے پہلے اپنے پرانے اسکول میں گھس کر ٹیچرز کے ایک گروپ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ٹیچرز ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے جس کے بعد ملزم نے نزدیک ہی واقع ایک نجی اسکول پر دھاوا بول دیا جہاں اس نے فائرنگ کرکے ایک کمسن لڑکی کی جان لے لی جبکہ دو افراد کو زخمی کردیا۔

مقامی گورنر ریناتوکاساگرانڈ نے واقعے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ ملزم کی عمر 16 برس ہے اور اس نے جس اسکول پر پہلے فائرنگ کی وہاں وہ جون تک زیر تعلیم رہا جس کے بعد اسکی فیملی نے اسے ایک دوسرے اسکول میں داخل کرادیا۔ گورنر نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور وہ زیر علاج تھا۔حکام کا کہنا کہ ملزم ایک پولیس افسر کا بیٹا ہے اور اس نے اس حملے دو ہینڈ گنز کا استعمال کیا جو اسکے والد کے نام پر رجسٹر تھیں جس میں سے ایک پستول انکی سروس پستول تھی جبکہ دوسری نجی طور پر رجسٹرڈ تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے