نئے آرمی چیف پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنا مثبت کردارادا کریں گے، میرعبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے نئے آرمی چیف جنرل حافظ عاصم منیر کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئے آرمی چیف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے کیونکہ وہ محب وطن پاکستانی و پیشہ ور سپاہی ہونے کے ساتھ ساتھ با صلاحیت جنرل ہیں جن کے سینے میں قرآن پاک ہے۔ ریٹائرڈ ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک کو سدھارنے کیلئے جو کوششیں کیں وہ بھی قابل تعریف ہیں ہم پاک افواج کی اس ملک کی سلامتی و بقاء کیلئے قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اپنے شہداء کو اس تاریخی موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی عوام کو پاک افواج پر فخر ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی سابق صوبائی وزیر میرعبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ نان کیڈر کے سیاستدانوں اور ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تباہ و برباد اور کنگال ہوگیا ہے اور ملکی سیاست دھینگا مشتی اور اقرباء پروری کا شکار ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کی بد نامی ہورہی ہے اور دوست ممالک نے اپنا ہاتھ بھی کھینچ لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسائل کا حل پیارو محبت امن و شانتی اور مذاکرات کی ٹیبل ہے لیکن ہمارے نان کیڈر کے سیاستدانوں نے تمام حدیں پار کردی ہیں اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، ملکی مسائل کا حل پیار و محبت اور مذاکرات کی ٹیبل ہے نہ کہ گولی سے ان کا حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ نئے آرمی چیف جنرل حافظ عاصم منیر ایک با صلاحیت کمانڈر ہیں امید ہے کہ وہ آپس کی ان نفرتوں کو ختم کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائیں گے اور جمہوریت کو ملک میں پنپنے اور مضبوط کرنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک اسی صورت میں ترقی و خوشحالی کے منازل طے کریگا اور خوشحالی آئے گی جب آپس کی اس دھینگا مشتی اور نفرتوں کا خاتمہ ہوگا اور ملک میں امن و شانتی آئے گی ملک کی عوام کو نئے آرمی چیف سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں ہم ریٹائرڈ ہونے والے آرمی چیف جنرل باجوہ کی ملک کو سدھارنے کیلئے کوششوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی ان کاوشوں اور ملکی مفاد کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے