عمران خان کی تمام جدوجہد کا مقصد آرمی چیف کی تقرری پراثراندازہونا تھا لیکن وہ ناکام رہے، احسن اقبال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی تمام جدوجہد کا مقصد آرمی چیف کی تقرری پر اثر انداز ہونا تھا لیکن وہ ناکام رہے، عمران خان کا لانگ مارچ ناکام ہو گیا ہے پاکستان کی عوام بھی کسی بھی منفی سرگرمیوں میں دلچسپی نہیں رکھتے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق وزیر اعظم کا اختیار ہے میرٹ اور شفاف کی بنیاد پر دو سینئر اور بہترین آرمی افسران لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساہر شمشاد کو عہدے سونپے گئے ہیں آرمی چیف کی تعیناتی مکمل طور پر آئین اور قانون کے مطابق کی گئی ہے صدر مملکت صرف اس سمری کی منظوری میں تاخیر کر سکتے تھے لیکن اسے مسترد نہیں کر سکتے لیکن یہ واضح تھا کہ تاخیر کے بعد بھی ان ناموں میں تبدیلی نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سلامتی اداروں اور دفاع کے حوالے سے ہمیں کوئی بھی تنازعہ نہیں کھڑا کرنا چائیے ہم ملک کے دفاع کے لئے ایک سیکنڈ کی غیر یقینی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان جلد انتخابات کے خواہاں ہیں وہ خود بھی جانتے ہیں کہ ٹیکنیکل طور پر ایسا ممکن نہیں سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے بعد بحالی میں 6 ماہ کا وقت درکار ہے بحالی کے عمل اور مردم شماری کے عمل کے بعد ہی انتخابات ہو سکتے ییں توشہ خانہ اور وزیر آباد واقع میں انہوں نے سیاسی طور پر قومی اداروں کو ملوث کرنے کی کوشش کی اسے عوام نے رد کیا جس کا واضع ثبوت لانگ مارچ میں عوام کی شرکت کم ہوتے جانا ہے۔