سینیٹ کمیٹی کا بیرون ملک ڈالر لے جانے کی مقررہ حد پر تحفظات کا اظہار

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے بیرون ملک سفر کیلئے ڈالرز کی حد دس ہزار سے کم کرکے پانچ ہزار کرنے اور چیک کے ذریعے ڈالر خریدنے کی شرط پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، جب کہ اجلاس کے دوران ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔کمیٹی اجلاس میں بدھ 23 نومبر کو وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک سفر کیلئے ڈالرز کی حد میں کمی کا اقدام عارضی ہے، شرط موجودہ معاشی صورت حال کے پیش نظر عائد کی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک نے اس کا مقصد ڈالر کی بیرون ملک منتقلی کی حوصلہ شکنی اور ڈاکیومنٹیشن بتایا۔

حکومتی سینیٹر افنان اللہ نے کمیٹی اجلاس کے دوران بتایا کہ خالد سلطان نامی ٹیکس کمشنر انہیں ہراساں کر رہا ہے ، وہ کہتا ہے کہ اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے سکتا۔چیئرمین کمیٹی نے معاملہ سینیٹ کی استحقاق کمیٹی میں لے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہراسگی کے معاملے کو فوری طور روکنے کی ہدایت بھی کر دی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اینٹی منی لانڈرنگ قوانین اور آن لائن ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کو ہراساں کرنے سے لوگ گوشوارے جمع کرانا چھوڑ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے