سیہون حادثے کا مقدمہ این ایچ اے اور موٹر وے پولیس افسران پر درج

سیہون (ڈیلی گرین گوادر)سیہون میں وین حادثے میں 21 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا ایک اور مقدمہ این ایچ اے اور موٹر وے پولیس افسران پر درج کر لیا گیا۔دوسرا مقدمہ وین ڈرائیور شاہنواز پھلپوٹو کے بھائی صدام حسین پلھوٹو کی مدعیت میں پولیس اسٹیشن سیہون میں درج کیا گیا۔مقدمے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹر وے پولیس کے افسران کو نامزد کیا گیا۔ مقدمے میں ڈی ایس پی موٹر وے اسرار احمد، انسپیکٹر ساجد شاہ، این ایچ اے کے ڈائریکٹر ساؤتھ عبدالقدوس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالفقار شیخ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اخلاق حیدر شاہ اور انسپیکٹر عابد حسین شاہ نامزد ہیں۔

واضح رہے کہ 17 نومبر کو سیہون میں ٹول پلازہ کے قریب انڈس ہائی وے پر مسافر وین گڑھے میں گرنے سے 12 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔انڈس ہائی وے پر سیلابی پانی کے اخراج کے لیے کٹ لگائے گئے تھے، سیلابی صورتحال کے 2 ماہ بعد بھی کٹ اور کھڈے کو پُر نہیں کیا گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔حادثے کے معاملے پر این ایچ اے اور محکمہ آبپاشی کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔ این ایچ اے دادو کی جانب سے 29 ستمبر کو محکمہ آبپاشی کو انڈس ہائی وے پر لگائے گئے کٹ بند کرنے کے متعلق خط لکھا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے