سرد موسم میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوشاں ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

لسبیلہ (ڈیلی گرین گوادر)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو اب بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سرد موسم میں متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے جس پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کی حتی الوسع امداداور بحالی کے کاموں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اوتھل ضلع لسبیلہ کے دورہ کے دوران سیلاب متاثرین میں راشن بیگز، ٹینٹ، گرم کپڑے، کمبل، برتن اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کے موقع پر کیا۔اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتے ہیں ہمارا مقصد صرف انسانیت کی خدمت ہے۔ اس مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جہاں تک ہو سکا اُن کی مدد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔دورہ کے دوران وہ بے گھر ہونے والے سیلاب متاثرین سے ملیں اور متاثرین میں 600 راشن بیگز، 200 ٹینٹ،گرم کپڑے، کمبل، برتن و دیگر اشیاء تقسیم کیں۔ وہ سیلاب متاثرہ خواتین میں گھل مل گئیں۔ انہیں حوصلہ دیا اور کہا کہ آپ سب ہمارے اپنے ہیں اور آپ کی بحالی ہماری سب سے اولین ترجیح ہے۔ بلوچستان کی بیٹی ہونے کے ناطے میرا یہ فرض ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سکے مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کر سکیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کو اپنے درمیان پا کر سیلاب متاثرین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور کہا کہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری اور میر علی حسن زہری تن تنہا اس سرد اورمشکل وقت میں ہمارے پاس امداد لے کرپہنچے اور ہماری داد رسی کی جس کے لئے ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے سینیٹر صاحبہ کو ہمارے لئے وسیلہ بنا کر بھیجا۔ اللہ تعالیٰ انہیں مزید ہمت و استقامت دے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ آرمی، ایف سی اور دیگر فلاحی تنظیموں کی مدد سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جلد سے جلد بحالی کا کام مکمل کیا جائے کیونکہ سرد موسم کا آغاز ہو چکا ہے اور متاثرین کو اب بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سرد موسم نے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ہمیں ان مشکلات کا احساس ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اپنے بہن بھائیوں کی حتی الوسع مدد کی جائے اور انہیں موسم کی شدت سے بچایا جائے۔ اس سلسلے میں ہم نے شروع دن سے متاثرہ علاقوں میں اپنی استطاعت کے مطابق امداد اور بحالی کے کاموں میں اپنا حصہ ڈالا ہے اور یہ سلسلہ انشاء اللہ متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری و ساری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے دور دراز علاقے ہوں، خضدار کے دشوار گزار پہاڑی علاقے ہوں یا نصیر آباد کے میدانی علاقے ہم نے پاک آرمی اور سول انتظامیہ کی مدد سے اپنی استطاعت کے مطابق اور مشکلات کے باوجود ہر جگہ راشن و دیگر ضروریات زندگی کا سامان پہنچایا تاکہ سیلاب سے متاثرہ لوگ کسی حد تک مستفید ہوسکیں۔دریں اثناء لسبیلہ اوتھل،حب اور دیگر علاقوں کے عوامی حلقوں نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کی سرگرمیوں کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری اور میر علی حسن زہری ایسی شخصیات ہیں جو ان علاقوں میں اپنے وسائل سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی میں پیش پیش ہیں۔سینیٹر ثمینہ زہری نے کہا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی ہدایات پر تمام حکومتی مشنری اورمتعلقہ ادارے اپنا کام خوش اسلوبی سے کر رہے ہیں۔ امدادی سرگرمیوں میں پاک آرمی، فضائیہ، نیوی اور ایف سی کا کردار نہایت اہم ہے جو مسلسل حکومتی مشنری کے ساتھ مل کر صوبے کے مختلف حصوں میں مدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور دن رات متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے اور بحالی کے کام میں مصروف عمل ہیں تاکہ جلد از جلد تمام متاثرین کی داد رسی ہو سکے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مصیبت زدہ علاقوں میں ہم اپنے لوگوں کی مدد کرتے رہیں گے اور جب تک دوبارہ نظام زندگی بحال نہیں ہوتا اور متاثرین اپنے گھروں میں دوبارہ آباد نہیں ہوتے ہمارا مشن جاری رہے گا۔انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت مخیر حضرات سے ایک بار پھر اپیل کی کہ اس سرد موسم میں متاثرین کی دوبارہ اپنے گھروں میں آبادہونے کو ممکن بنانے میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ سرد موسم میں کوئی انسانی المیہ جنم نہ لے سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے