بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے،نیشنل پارٹی

گوادر(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سکریٹری جنرل سابق ترجمان وزیراعلی بلوچستان جان محمد بلیدی، نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر سابق صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ، سینٹر اکرم دشتی، معتبر شیرجان، فداجان بلیدی سے پروم پنجگور کے بارڈر کمیٹی کے وفد نے نیشنل پارٹی گوادر سکریٹریٹ میں ملاقات کی، ملاقات میں حاجی الہی بخش، عارف مول جان، حاجی فضل کریم، محمد اسلم سنجرانی، ماسٹر محمد ایوب، بشیراحمد، علی احمد، حاجی گمانی، ملا یعقوب، حاجی قیصر، حاجی عبداللہ، واجہ ھیبتان سمیت دیگر موجود تھے۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماوں نے بارڈر کمیٹی کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ہونے والے کاروبار کو مکمل طور پر آزادانہ اور سرکاری مداخلت کے بغیر کرنے کی مکمل سپورٹ و حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مکران بارڈر پر ہونے والے کاروبار کو تحفظ فراہم کیا جائے غیرقانونی سرکاری مداخلت بند کرکے بارڈر علاقوں میں آباد افراد کو پہلی ترجہی دے کر رشوت کی بنیاد پر جاری کی گئی تمام لسٹوں اور جاری کردہ ای ٹیگ کو منسوخ کیا جائے۔ بارڈر ضلع اور بارڈر کیمقامی لوگوں کو کو تحفظ فراہم کیا جائے، بارڈر کے انٹری گیٹوں میں اضافہ کیا جائے اور راستوں میں لیویز اور پولیس چیک پوسٹوں کو ختم کیا جائے اور بھتہ نظام کو ختم کیا جائے۔ کاروبار میں ضلعی انتظامیہ کی مداخلت کو ختم کیا جائے۔ بارڈر کمیٹیوں کو از سر نو علاقوں کے لوگوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ انھوں نے ساحل بلوچستان میں غیر قانونی جالوں کے ذریعے سمندری حیات کی نسل کشی پر پابندی لگائی جائے اور بلوچستان کے سمندری حدود میں بلوچستان فشریز کی عوام دشمن پالیسیوں کو ختم کرنے اور بھتہ مافیا پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت اور اس کے اتحادی بلوچستان کے سمندری حدود میں ہونے والے غیر قانونی شکار میں برائے راست ملوث ہیں بلوچستان کے سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالرنگ حکومت اور ان کی اتحادیوں کی مرضی و منشاء سے جاری ہے جو سمندری حیات کی نسل کشی کررے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے بھتہ نظام اور بارڈر پر آزادانہ کاروبار کی مکمل اجازت تک عوام کے ساتھ ملکر جدوجہد کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے