سکولوں میں زیرتعلیم بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں، نذر محمد بلوچ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ سکولوں میں زیر تعلیم بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں لہٰذا ان معصوم بچوں کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاقی تربیت دینا بھی والدین اور خصوصاً استاتذہ کی اہم زمہ داریوں میں شامل ہے لہذٰا اس حوالے سے اسا تذ ہ اپنے لیکچرز میں طلبہ کو معاشرتی آداب جس میں سر فہرست اخلاقیات کا درس دینا ہے کو شامل کریں تاکہ ہمارے یہ بچے اعلیٰ اخلاق سے مزین ہوکر ملک و قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کوئٹہ کے دورے کے موقع پر استاتذہ، طلبہ و دیگر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹرز محتسب سیکرٹریٹ مصطفیٰ جان کاکڑ، سعید احمد شاہوانی اور رجسٹرار سید محمد علی آغا موجود تھے، صوبائی محتسب نے اس موقع پر استاتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں مروجہ طرزِ تعلیم میں ہم اپنے بچوں کو صرف سلیبس کے مطابق ہی تعلیم دے رہے ہوتے ہیں جہاں انہیں معاشرتی آداب اور معاملات کے بارے میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے بعض بچے اخلاقیات سے عاری ہوکر والدین و دیگر لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بنتے ہیں، انہوں نے کہا کہ شریعت مطہرہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق کو پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ قرار دیا گیا ہے لہذٰا آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے بارے زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنے سے ہم بچوں کی بہترین کردار سازی کرسکتے ہیں، صوبائی محتسب کا کہنا تھا کہ استاتذہ ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں اور استاتذہ کرام ہی اپنے کردار و گفتار سے بچوں کی بہترین کردار سازی کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ترقی یافتہ ممالک نے بچوں کی کردار سازی پر محنت کرکے ترقی کے منازل طے کیے ہیں لہذٰا استاتذہ دورحاضر میں پائی جانے والی منفی رجحانات کی مضرات سے بچوں کو آگاہ کرتے ہوئے ان میں مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کریں تاکہ ہمارے معصوم بچے جنونی کیفیات میں مبتلا ہونے سے بچ سکیں، مزید برآں سکول کے پرنسپل ڈاکٹر نصیر علی شاہ نے صوبائی محتسب کو سکول انتظامیہ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سنڈیمن ہائی سکول کوئٹہ وہ واحد سرکاری سکول جو انگلش میڈیم ہے جہاں طلباء کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کے سیکھنے پر زور دیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری پوزیشن ٹاپ 20 کے سکولوں میں ہے اور ہمارے یہاں سے بچے میڈیکل، انجنیرنگ، آرمی کے علاؤہ دیگر شعبوں میں تعلیم حاصل کرکے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم سکول میں غریب نادار بچوں کو مفت کتابیں، جوتے اور یونیفارم دیتے ہیں تاکہ وہ بھی علم کے زیور سے آراستہ ہوں، دریں اثناء صوبائی محتسب نے سکول کے مختلف کلاسوں کا معائنہ اور بچوں سے مختلف سوالات بھی پوچھے۔