جرمنی بلوچستان میں معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے، ڈاکٹر روڈیگرلوٹز

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کراچی میں متعین جرمنی کے قونصل جنر ل ڈاکٹر روڈیگرلوٹز نے کہا ہے کہ پاک جرمنی کاروباری تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو دو طرفہ دورے کروائے جائیں گے، جرمنی بلوچستان میں معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے،ماحولیاتی تبدیلی ابھرتا ہوا چیلنج ہے جس سے تمام ممالک کو ملکر نبر آزما ہونا ہوگا، سی پیک منصوبہ پرکشش ہے اگر بہتر انفراسٹرکچر اور مواقع میسر آئے تو جرمنی اس میں دلچسپی لے گا۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اعزازی قونصل جنرل میر مراد بلوچ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار، بی یو جے کے صدر عرفان سعید بھی موجودتھے۔ قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگرلوٹز نے کہا کہ جرمنی کے لئے بلوچستان اہمیت کا حامل خطہ ہے ہم چاہتے ہیں بلوچستان اور پاکستان کے سرمایہ کاروں کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو فروغ دیا جائے اس سلسلے میں پاکستان کی کاروباری شخصیات کو جرمنی کے دورے کروائے جائیں گے ساتھ ہی جرمنی کی کاروباری شخصیات کو بھی یہاں بلایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کو ٹیکسٹائل کے شعبے میں بہت درآمدات کرتا ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ مزید شعبوں میں بھی یہ تعاون بڑھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہوا، شمسی سمیت دیگر توانائی کے شعبوں میں کام کرنے کے مواقع موجود ہیں بلوچستان میں معدنی ذخائر کے شعبے میں بھی کام کیا جاسکتا ہے جبکہ جرمنی کے پاس مشینری کی وسیع مارکیٹنگ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان میں امن و استحکام، گڈ گورننس، سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کروائی جائیں تو جرمنی کے بہت سے سرمایہ کار یہاں آسکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے میں پرکشش سرمایہ کاری ہے جس کے تحت انفراسٹرکچر کی بہتری ہوگی اگر انفراسٹرکچر بہتر ہو جائے تو ہم یہاں آنے کو ترجیح دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں افسوسناک ہیں ماحولیاتی تبدیلی ابھرتا ہوا چیلنج ہے جس سے پوری دنیا کو ایک ساتھ ملکر نبر آزما ہونا ہوگا عالمی سطح پر اس حوالے سے فنڈ بھی قائم کردیا گیا ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی مدد کریگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حب، چمن، کوئٹہ میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کئے گئے ہیں جن سے افرادی قوت میں بہتری آئیگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے