میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں ای خدمت مرکز کے قیام کی منظوری دے دی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت ای خدمت مرکز کے قیام کی منظوری دے دی۔ اتوار کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت ای خدمت مرکز کے قیام کے لئے 51.075 ملین روپے کے اجراء کی منظوری دے دی،وزیراعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے منظوری محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے ارسال کی گئی سمری پر دی،ای خدمت مرکز کا منصوبہ ای گورنمنٹ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس سے شفافیت کا عنصر نمایاں ہو گا۔ای خدمت مرکز کے قیام سے شہریوں کو کم وقت میں بہتر خدمات کی فراہمی اور حکومتی محاصل میں اضافہ ممکن ہو گا منصوبے کے تحت شہریوں کو ایک ہی چھت کے نیچے 20 آن لائن سروسز فراہم کی جائیں گی۔ای خدمت مرکز کے قیام سے عوام سے براہ راست منسلک سرکاری امور کی انجام دہی میں بہتری آئے گی۔رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں کوئٹہ حب گوادر خضدار اور لورالائی میں ای خدمت مراکز کے قیام کے منصوبے شامل ہیں۔ای خدمت مراکز کا قیام وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں موجودہ حکومت کی ایک اور اہم کامیابی ہے۔