مچھ سے ٹرینوں کی آمد و رفت 3 ماہ بعد بحال
مچھ(ڈیلی گرین گوادر)مچھ اور پشاور کے درمیان شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث معطل ٹرینوں کی آمد ورفت 3 ماہ بعد بحال ہوگئی ہے۔رواں برس مون سون سیزن کے دوران غیر متوقع شدید بارشوں نے بلوچستان میں انفرا اسٹرکچر کو بری طرح نقصان پہنچا تھا۔بارشوں اور سیلاب کے باعث کوئٹہ اور مچھ سمیت کئی مقامات پر ٹرینوں کی پٹڑیاں تک اکھڑ گئی تھیں جس کی وجہ سے بلوچستان کا ملک کے دیگر علاقوں سے ٹریوں سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔3 ماہ بعد کوئٹہ اور پشاور کے درمیان چلنے والی جعفر ایکسپریس کو مچھ سے بحال کردیا گیا ہے۔
ڈویژنل ٹرانسپورٹ کمرشل آفیسر ابراہیم بلوچ کے مطابق جعفر ایکسپریس اتوار کی صبح 11 بج کر 10 منٹ پر مچھ سے پشاور کے لیے روانہ ہو گئی۔ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے مچھ کے لیے شٹل بس سروس شروع کی گئی ہے، آج کوئٹہ سے مچھ کے لیے 164 مسافروں کو شٹل بسز سے روانہ کیا گیا ہے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بولان میں ہرک ریلوے پل کی تعمیرومرمت کا کام جاری ہے، متاثرہ پل کے بحال ہوتے ہی کوئٹہ سے معمول کے مطابق ٹرینیں ملک کے دوسرے شہروں کی طرف چلیں گی۔