عوام ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی افواہوں پر کان نہ دھریں،وزیر خزانہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ملک کی معیشت کے حوالے سے بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جن کے پیچھے سیاسی مقاصد ہو سکتے ہیں، یہ بات پھیلائی جا رہی ہے پاکستان دسمبر میں اپنے سکوک بانڈز کی ادائیگیاں نہیں کر سکے گا، معیشت کے حوالے سے منفی باتوں سے معاہدوں پر اثر پڑتا ہے۔اسحاق ڈار نے یقین دہانی کرائی کہ واضح کر رہا ہوں کہ پاکستان نے ایک ارب ڈالر کا سکوک بانڈز جاری کیا ہوا ہے، بانڈز کی وقت پر ادائیگیاں ہوں گی، پاکستان نے کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا، ہم ادائیگیاں کریں گے، اس حوالے سے کسی کو بھی پریشانی نہیں ہونی چاہئے، افواہیں پھیلانا بند کریں، پاکستان سب کا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معیشت کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے پرہیز کریں، غیر ذمے دارانہ بیانات سے ملک کو نقصان ہوتا ہے، سب سے پہلے ہم پاکستانی ہیں پھر کسی پارٹی کیساتھ تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کا اسٹاک موجود ہے، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے جتنے ریزرو ہونے چاہئیں موجود ہیں، ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں، سب افواہیں ہیں۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں، کہا جا رہا ہے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بے قابو ہو گیا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے۔