بلوچستان اسمبلی، صوبے میں گیس اور بجلی کی عدم فراہمی کے مسئلے کے حل کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی میں صوبے میں گیس اور بجلی کی عدم فراہمی کے مسئلے کے حل کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج نے بلوچستان اسمبلی کے قواعد انضباط کار مجریہ 1974کے قاعدہ 180کے تحت ایوان کی خصوصی مجلس تشکیل دینے کی تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائم مقام اسپیکر سردار بابرموسیٰ خیل کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے جو صوبے میں سوئی گیس اور بجلی کی عدم فراہمی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھائے اور اسکا قابل قبول حل نکالے۔ کمیٹی کے چیئر مین سردار بابرموسیٰ خیل جبکہ ارکان میں جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ، بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر میر نصیب اللہ مری، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی، بی این پی (عوامی) کے پارلیمانی لیڈر میر اسد اللہ بلوچ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے پارلیمانی لیڈر عبدالخالق ہزارہ، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نصر اللہ زیرے، جمہوری وطن پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوابزادہ گہرام بگٹی، بی اے پی کے نمائندگان سکندر عمرانی اور بشریٰ رند ہونگے۔ ایوان نے خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک کو منظور کرلیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے