گندم کے مفت بیج کی منصفانہ اور حقدار زمینداروں میں تقسیم ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے کہاکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ کسانوں اور زمینداروں میں مفت بیج کی تقسیم کرنے کے عمل کی خود نگرانی کر رہا ہوں تاکہ تقسیم کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔اس سلسلے میں کسانوں کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کردی گئی ہے جہاں پر محکمہ زراعت سے رجسٹریشن، تحصیلدار اور زراعت افسر سے تصدیق اور موقع پر ہی تھیلوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجپائی میں حکومت بلوچستان کی جانب سے کسانوں اور زمینداروں میں مفت بیج تقسیم کرنے کے موقع پر کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کچلاک وقار کاکڑ سمیت محکمہ زراعت،تحصیلدار،مجسٹریٹ اور زمینداروں کے بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں زمینداروں اور کسانوں میں مفت گندم کے بیج کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گندم کے بیج تقسیم کرنے کے عمل میں کسی سے ناانصافی نہیں کیا جائے گی اور کسانوں اور زمینداروں میں منصفانہ طریقے سے بیج تقسیم کیا جا رہا ہے۔اس عمل سے سیلاب سے متاثرہ زمینداروں اور کسانوں کے مسائل میں نمایاں کمی اور نقصانات کا ازالہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں میں مفت بیج کی فراہمی سے کاشتکاروں کی مشکلات میں کمی کے ساتھ ساتھ ان کی معاشی حالات میں بھی بہتری آئے گی۔ضلع میں گندم کی تقسیم کے عمل کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کچلاک وقار کا کڑ کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بارشوں اور سیلاب متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ روز اول سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں انہوں نے کہاکہ گندم کے مفت بیج کی منصفانہ اور حقدار زمینداروں میں تقسیم ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی اور نااہلی برداشت نہیں کی جائے گی۔