نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بلوچستان میں کتب بینی کے فروغ کیلئے کتب میلوں کا تسلسل جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بلوچستان میں کتب بینی کے فروغ کے لئے کتب میلوں کا تسلسل جاری ہے اس سلسلے میں سمارٹ گرائمر سکول کلی برات میں دو روزہ کتب میلے کا افتتاح نیشنل بک فاؤنڈیشن بلوچستان کے ڈائریکٹر راحیل بگٹی اور انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فہیم نے کیا کتب میلے میں پچاس فیصد رعایت پر مایہ ناز پبلشرز کی کتب رکھی گئی تھی جس میں طلبہ، اساتذہ اور اسٹاف نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اس موقع پر نیشنل بک فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر راحیل بگٹی اور سمارٹ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فہیم نے کہا کہ بلوچستان کے طالب علموں میں کتب بینی کا شعور بیدار ہوررہا ہے کیونکہ طلبہ کو کتاب کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے اور اس سلسلے میں طلبہ میں پختہ شعور پایا جاتا ہے مختلف موضوعات پر مرتب کتب کا مطالعہ ہر فرد کو اپنی منشاء کی سمت کے تعین میں معاون ثابت ہوتا ہے اور ایک کتاب انسان کے لیے جو رہنمائی فراہم کرتی ہے اس پر ایک فرد کا نہیں بلکہ آئندہ کی نسلوں کا انحصار ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن بلوچستان سمیت ملک بھر میں کتب بینی کے فروغ اور حوصلہ افزائی کے لئے کتب میلوں کا انعقاد کرکے رعایتی قیمت پر معیاری کتب فراہم کررہی ہے تاکہ نئی نسل میں کتاب کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے نوجوان نسل کا بھی فرض ہے کہ وہ کتب دوستی کے ماحول کو پروان چڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے ترقی کا انحصار تعلیم و تحقیق پر ہے اور یہ وابستگی ایک کتاب کے زریعے ہی ممکن ہے لہذا کتاب کے کردار کو فراموش کرکے علمی و تحقیقی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ کتب بینی کے فروغ اور حوصلہ افزائی کے لئے ہر فرد کو اپنی روز مرہ زندگی میں مطالعہ کی عادت ڈالنا ہوگی اور اس کے لئے ضروری نہیں کہ ایک کی نشست میں کتاب کا مطالعہ کرلیا جائے بلکہ مطالعاتی عادات کا آغاز ایک صفحہ پڑھنے سے بھی کیا جاسکے