امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کا مستعفی ہونے کا اعلان
واشنگٹن(ڈیلی گرین گوادر)امریکا کے ایوان نمائندگان کی پہلی خاتون اسپیکر نینسی پلوسی نے ڈیموکریٹ پارٹی سربراہ کے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔جمعرات 17 نومبر کو ایوان نمائندگان میں خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نینسی پلوسی نے اعلان کیا کہ وہ جنوری 2023 میں ایوان میں ریپبلکنز کے کنٹرول سنبھالنے پر عہدہ چھوڑ دیں گی، اب وقت آگیا ہے کہ نئی نسل ڈیموکریٹک کی قیادت کرے۔
سی این این اور نیویارک ٹائمز کے مطابق 20 سال سے پارٹی کی قیادت کرنے والی نینسی پلوسی نے کہا کہ وہ ایوان سے ریٹائر نہیں ہوں گی اور سان فرانسسکو کی نمائندگی کرتی رہیں گی۔ڈیموکریٹس کی جانب سے ممکنہ طور پر اسپیکر نینسی پلوسی کی جگہ نیویارک کے نمائندے حکیم جیفریز کا انتخاب کیا جائے گا، جن کو اس عہدے کیلئے طاقت ور ترین امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کانگریس کی جانب سے پارٹی قیادت کے لیے پہلے سیاہ فام شخص حکیم جیفریز کا انتخاب ایک ممکنہ تاریخی اقدام ہوگا۔دوسری جانب ریپبلکنز نے اپنی پارٹی سے اسپیکر لگانے کے لیے تیاری شروع کردی ہے، ایسا ہونے کی صورت میں صدر جو بائیڈن کو قانون سازی میں سخت مشکلات کا سامنا ہوگا۔