مارچ میں لاکھوں لوگ لانے والے اسکول کی اسمبلی جتنے بچے بھی نہ لاسکے،فیصل واوڈا

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ جو لوگ مارچ میں لاکھوں لوگ لانے کی باتیں کرتے تھے وہ اسکول کی اسمبلی جتنے بچے بھی نہ لاسکے۔تحریک انصاف کے سابق ایم این اے فیصل واوڈا برطانیہ سے ریکور فنڈز کی بحریہ ٹاؤن سے مبینہ غیر قانونی سیٹلمنٹ کے کیس میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے فیصل واوڈا کا بیان ریکارڈ کیا، انہیں سوالنامہ دیا، اور سوالات کے تحریری جوابات مانگے ہیں، جب کہ جوابات جمع کرانے کیلئے فیصل واوڈا کو کچھ دن کی مہلت دی گئی ہے۔فیصل واوڈا کو عمران خان کی کابینہ رکن کے طور پر طلب کیا گیا ہے، سابق ایم این اے نے دسمبر 2019 کی کابینہ میٹنگ میں شرکت کی تھی جس میں سیٹلمنٹ کا ریکارڈ سِیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، شہزاد اکبر نے کابینہ میٹنگ میں بریفنگ بھی دی تھی۔

نیب پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ایم این اے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران پی ٹی آئی کے لوگوں کو بہت تکلیف ہوتی تھی، جب میرا اور شہزاد اکبرکاجھگڑا ہوا تو عمران خان سے کہا تھا کہ شہزاد اکبر ملک چھوڑ کر چلا جائے گا، شہزاد اکبر اعظم خان کے قریبی دوست ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 190 ملین پاؤنڈز کا نقصان ہوا ہے، اگر نیب اپنے پرانے چیئرمین نیب کی ویڈیولیک کی تحقیقات کرلیتی، تو تو ان کیسز کی تحقیقات کرنا آسان ہوتا۔سابق ایم این اے نے کہا کہ نیب میں آنے سے وہ لوگ گھبراتے ہیں جن کا دامن صاف نہ ہو، میں نیب میں وعدہ معاف گواہ نہیں بنوں گا۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے لوگوں پر بے جا بھروسہ کرتے ہیں، ان کے ارد گرد سازشی لوگ ہیں، میں عمران خان کے خلاف تھا اور نہ ہوں، جب وقت آئے گا تو دو خاص لوگوں کا نام سامنے آئے گا، میں نے کہا تھا ارشدشریف کا قتل پلانٹڈ ہے اور منصوبہ پاکستان میں بنا تھا، میں نے کہا تھا پی ٹی آئی مارچ خونی ہوگا، میں نے کیا غلط کہا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو مارچ کرنے کی کیا ضرورت ہے، جنھوں نے کہا تھا کہ وہ لاکھوں لوگ لے آئیں گے وہ تو اسکول کی اسمبلی جتنے بچے بھی نہیں لاسکے۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ڈی ایم کی مقبولیت میں زمین آسمان کا فرق ہے، سب کو نظر آرہاہےعمران خان کو الیکشن میں دوتہائی اکثریت ملےگی، میں کوئی سیاسی جماعت جوائن نہیں کررہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے