سینیٹ کی خالی نشست پر پیپلزپارٹی کے وقار مہدی نئے امیدوار نامزد

کراچی(ڈیلی گرین گوادر) مصطفیٰ نواز کھوکھر کے استعفے کے باعث سینیٹ کی خالی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی نے وقار مہدی کو نیا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔خالی نشست پر پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما وقار مہدی کے بطور امیدوار سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی منظوری دے دی ہے۔

سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر الیکشن کے لیے ریٹرننگ افسر نے سینیٹ الیکشن کے لیے پبلک نوٹس جاری کر دیا ہے جس کے لیے پارٹی نے وقار مہدی کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ سینیٹ کی مذکورہ خالی نشست پر الیکشن 8 دسمبر کو ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے کوٹے پر سینیٹ کی خالی نشست کے ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان حصہ نہیں لے گی بلکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔

واضح رہے کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے گزشتہ ہفتے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں لکھا تھا کہ میری پارٹی کے ایک سینیئر لیڈر سے آج ملاقات ہوئی جس میں مجھے بتایا گیا کہ پارٹی قیادت میرے سیاسی مؤقف سے ناخوش ہے اور قیادت سینیٹ سے میرا استعفیٰ چاہتی ہے۔انہوں نے لکھا تھا کہ میں خوشی سے اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو اپنا استعفیٰ پیش کروں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے