بلوچستان اسمبلی اجلاس ڈپٹی اسپیکرنے کراس ٹاک پرجمعیت کے رکن سیدعزیزآغا کوایوان سے نکالنے کی ہدایت
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر نے مسلسل کراس ٹاک پر جمعیت علماء اسلام کے رکن سید عزیز اللہ آغا کو ایوان سے نکالنے کی ہدایت کردی۔ جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر مبین خلجی نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی پریس کانفرنس پر بات کی تو جمعیت علماء اسلام کے سید عزیز اللہ آغا نے کراس ٹاک کرنے کی کوشش کی جس پر ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے انہیں متعدد بار خاموش رہنے اور بیٹھ جانے کی تاکید کی تاہم سید عزیز اللہ کے نہ رکنے پر ڈپٹی اسپیکر نے سارجنٹ ایٹ آرمز کو ہدایت کی وہ سید عزیز اللہ آغا کو ایوان سے باہر نکال دیں جس پر ارکان اسمبلی ثناء بلوچ اور قادر نائل نے عزیز اللہ آغا کو خاموش کروایا اور انہیں ایوان سے باہر نہیں نکالا گیا۔