گوادرعلاقائی امن و سلامتی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے،پروفیسر نزیر حسین
گوادر(ڈیلی گرین گوادر)قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد، یونیورسٹی آف واہ کینٹ اور انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز اسلام آباد کے ارکان پر مشتمل وفد نے گوادر یونیورسٹی کا دورہ کیا۔یونیورسٹی کے سیمینار ہال میں طلباء اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک بہت ہی نتیجہ خیز انٹرایکٹو سیشن کے لیے یونیورسٹی اف گوادر کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے وفد کا استقبال کیا۔
اپنے تعارفی کلمات میں واہ یونیورسٹی کے پروفیسر نذیر حسین نے جیو اسٹریٹجک تناظر میں گوادر کی اہمیت کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے علاقائی اور قومی معیشت میں اہم اور پائیدار تبدیلی لانے میں سمندری وسائل اور نیلی معیشت کی مرکزیت پر زور دیا۔قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سلمیٰ ملک نے یونیورسٹی آف گوادر اور پاکستان کی دیگر یونیورسٹیوں کے درمیان ممکنہ تعاون کے شعبوں اور امکانات کی وضاحت کی تاکہ یونیورسٹی کے طلباء اور فیکلٹی کے لیے سکالرشپ، تبادلے اور انٹرن شپ کے مواقع کھولے جائیں۔
انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز اسلام آباد کی ڈاکٹر ریما شوکت نے علاقائی تناظر میں گوادر کی اہمیت پر گفتگو کی اور بتایا کہ گوادر علاقائی امن و سلامتی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے گوادر یونیورسٹی کو دعوت دی کہ وہ انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز اسلام آباد کے ساتھ تعاون اور باہمی فائدے کے لیے باضابطہ معاہدہ کرے۔آخر میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے مہمانوں کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کئے۔