کراچی میں پولیس مقابلوں کے بعد 8 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

کراچی (ڈیلی گرین گوادر) عزیز بھٹی، مومن آباد، ڈیفنس اور اورنگی ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 8 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال بلاک 13 ڈی گیلانی ریلوے اسٹیشن کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی شناخت 20 سالہ انیس الرحمان عرف انا ولد عزیز الرحمان اور 36 سالہ فرخ شاہ ولد شاہ محمد کے نام سے ہوئی، ملزمان سے 2 ٹی ٹی پستول، 3 موبائل ونز ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائمز ، چوری اور ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، گرفتار ملزمان سے علاج کے بعد تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

مومن آباد پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 جنت البقیع قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، گرفتار ڈاکوؤں کو پولیس کی نگرانی میں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، ڈاکوؤں کی شناخت 26 سالہ بلال ولد اللہ دتہ، 30 سالہ عرفان رضا ولد ارشد رضا اور 29 سالہ اخلاق ولد مرتضیٰ کے نام سے کی گئی، ملزمان سے 2 ٹی ٹی پستول ، 3 موبائل فونز ، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

ڈیفنس تھانے کی پولیس پارٹی نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب فیز 7 صفا یونیورسٹی کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ڈاکو کو پولیس کی نگرانی میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جس کی شناخت 24 سالہ حسن اللہ ولد مہر خان کے نام کی گئی، گرفتار ڈاکو کا ایک ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا، گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے، ملزم سے علاج و معالجے کے بعد تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

اورنگی ٹاؤن پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیان شب 8 نمبر اللہ والا کالج کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی ملزمان کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا،ان کی شناخت 35 سالہ ہارون ولد رحیم اور 32 سالہ محمد شہباز ولد غلام محمد کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزمان سے دو ٹی ٹی پستول، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی، ملزمان اسٹریٹ کرائمز، موٹر سائیکلوں کی چوری، چائے کے ہوٹل پر بیٹھے افراد سے لوٹ مار اور ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

واقعے کے وقت ملزمان اورنگی ٹاؤن فاروق کالونی میں سٹے اور جوئے کے اڈے پر کام کرنے والے افراد سے نقدی، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو رہے تھے، مددگار 15 کی اطلاع پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوٹی ہوئی نقدی اور دیگر سامان لے کر فرار ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے