تمام آسامیوں پر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں، میر سلیم کھوسہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سابق صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ نے کہاکہ بلوچستان حکومت پر یہ الزام لگایا ہے کہ یہاں پوسٹیں فروخت کی جاتی ہیں اب وقت ہے کہ اس داغ کو دھویا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ تمام آسامیوں پر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہاکہ جو بھی بیوروکریٹ اور سیاستدان پوسٹیں فروخت کرتے ہیں ان پر اللہ کی لعنت اور عذاب نازل ہو۔ سلیم کھوسہ نے کہاکہ صحبت پور میں اب بھی سیلاب کا پانی کھڑا ہے جس سے لوگ سخت تکلیف میں ہیں چالیس فیصد علاقوں سے اب تک بارش کا پانی نہیں نکالا جاسکا ہے انہوں نے کہاکہ 2لاکھ کی آبادی کیلئے صرف 2ہزار ٹینٹس فراہم کئے گئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری کے حوالے سے دوبارہ اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق ہمیں آن بورڈ نہیں لیا گیا انہوں نے کہاکہ جب بھی ہم پوچھتے ہیں تو حکومت کہتی ہے کہ ہمارے پاس پیسے ہیں تو یہ پیسے کہاں خرچ ہورہے ہیں؟ انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت دس سے سولہ ایکڑ تک زمین تک رکھنے والے زمینداروں کو بیج فراہم کررہی ہے جبکہ اس سے زائد کے زمینداروں کو بیج فراہم نہیں کیا جارہا انہوں نے کہاکہ میرے حلقے میں سولہ فیصد زمیندار ایسے ہیں جن کی اراضی سولہ ایکڑ سے کم ہے جبکہ باقی تمام زمینداروں کی اراضی اس سے زیادہ ہے انہوں نے ڈپٹی اسپیکر سے استدعا کی کہ وہ سیلاب کے حوالے سے قائم پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کا اجلاس طلب کریں تاکہ ان سے بھی تجاویز لی جاسکیں