ہم مزید آب و ہوا کی تباہی کی طرف بڑھ رہے ہیں،شیری رحمان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ اس سال ہم نے یکے بعد دیگرے ماحولیاتی تباہی کے واقعات دیکھے ہیں، ہم مزید آب و ہوا کی تباہی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
بین الپارلیمانی یونین سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے اس طرح کی تباہیاں نہیں دیکھی گئیں، جو اس بار پاکستان میں ہوئیں۔سینیٹرشیری رحمان نے بتایا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرین کی تعداد کئی ممالک کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے، 33 ملین متاثرہ لوگوں میں سے آدھے آج بھی ہنگامی امداد کے منتظرہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گلیشیئرعام طور پر پگھلنےکی رفتار سے تین گنا زیادہ پگھل رہے ہیں، اس سال ہم نے یکے بعد دیگرے ماحولیاتی تباہی کے واقعات دیکھے ہیں، سیلاب سے بنی جھیلوں کی وجہ سے ملک کا جغرافیہ بدل گیا ہے، ہم مزید آب و ہوا کی تباہی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔وزیرموسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ پاکستان کے بجٹ کا زیادہ ترحصہ سیلاب سے متاثرہ افراد پرخرچ کیا جا رہا ہے، عالمی بینک نے سیلاب سے 30 ارب ڈالر سے زائد کے نقصانات کا تخمینہ لگایا ہے، امید ہے کہ دنیا کاپ 27 کے فورم پر مزید ذمہ دارانہ فیصلے کرے گی۔