صاف شفاف الیکشن سے ہی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام آئے گا،عمران خان
کھاریاں (ڈیلی گر ین گوادر)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں الیکشن ہوں گے تو سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا جب تک اسے کھینچتے جائیں گے تو ملک اور مستقبل داؤ پر لگا رہے گا۔کھاریاں میں لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں صاف اور شفاف الیکشن چاہییں اور انصاف چاہیے۔ عدلیہ اور چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں کہ قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف لوگوں کے دلوں میں بس گیا ہے، پوری قوم نے دیکھا کہ ہر طرح کے کارروائی کے باوجود وہ اپنے موقف پر کھڑا رہا، صحافی برادری جانتی ہے کہ اس کی جان خطرے میں تھی۔ اسے باہر جانے پر مجبور کیا گیا۔سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ لوگ کہہ رہے کہ مارچ کی رفتار کافی آہستہ ہے۔ مارچ کو آہستہ تو ہونا ہی تھا چونکہ میرے اوپر وزیر آباد میں حملہ ہوا جس کی اب تک ایف آئی آر ہی درج نہیں ہو رہی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان سب سوشل میڈیا پر ہیں اور اب ان میں شعور آ چکا ہے۔ آپ شکر کریں کے تحریک انصاف ان نوجوانوں کو لانگ مارچ کے ذریعے پرامن احتجاج کا راستہ دکھا رہی ہے ورنہ یہ سری لنکا جیسے معاملہ بھی ہو سکتا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ پورے ملک سے لوگ راولپنڈی پہنچے گی جن کا ایک ہی پیغام ہو گا کہ ہمیں بھیڑ بکریاں نہ سمجھیں بلکہ ہم ہی فیصلہ کریں گے کہ اس ملک کی قیادت کس کے ہاتھ میں ہونی چاہیے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ کرپشن زدہ اور پاکستانی عدالتوں سے سزا یافتہ ایک شخص لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کر رہا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ صاف اور شفاف الیکشن کے بغیر اس ملک کو دلدل سے نہیں نکالا جا سکتا مگر لندن بیٹھا شخص چاہ رہا ہے کہ الیکشن نہیں کروانے کیونکہ ان کی شکست نظر آ رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایسا خاندان جس نے آج تک کوئی فیصلہ میرٹ پر نہیں کیا اور ہمیشہ ہر معاملے میں اپنے خاندان کو مقدم رکھا اور جو ہمیشہ ایسے لوگوں کو اوپر لے کر آئے جنھیں وہ رشوت دے سکیں وہ اہم فیصلے کر رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے دور حکومت میں پاکستان کا وقار نیچے گیا ہے مگر ان کے دور حکومت میں صورتحال مختلف تھی کیونکہ وہ پاکستان کے لیے آزاد خارجہ پالیسی چاہتے تھے۔ ہم امریکہ سے ویسے ہی تعلقات چاہتے ہیں جیسے ان کے انڈیا سے تعلقات ہیں، غلاموں والے نہیں۔