سیاسی جماعتیں اپنے دائرہ کارمیں رہتے ہوئے ملک اورعوام کی ترقی وخوشحالی میں اپنا کردارادا کریں، لالا یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں اگر اپنے ذاتی مفادات اور بینک بیلنس میں اضافے کی بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دیں تو انہیں کسی دوسری طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی،سیاسی جماعتیں اوردیگر ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردارادا کریں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے قبائلی معتبرین کے ایک وفد سے با ت چیت کرتے ہوئے کہی۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ سیاسی،مذہبی اورقوم پرست جماعتوں نے ہمیشہ عوام کے مسائل حل کرنے اورملک کی ترقی کی بجائے کرپشن، بدعنوانی اور اپنے بینک بیلنس میں اضافے کیلئے جدوجہدکی ہے جس کی وجہ سے عوام مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں آج اکیسویں صدی میں بھی عوام تعلیم،صحت،پینے کے صاف پانی اوردیگر سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں اپنے بینک بیلنس میں اضافے،ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک اور قوم کی خدمت کواپنا شعار بنائیں تو انہیں کسی دوسری طرف دیکھنے یا انکے آگے سرجھکانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمارے لئے ایک خوبصورت تحفہ ہے لیکن ہم نے اس ملک کی قدرنہیں کی اور ہمیشہ ملک اور عوام کے مفادات کی بجائے اپنے مفادات کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اوردیگراداروں کو چاہئے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں تاکہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ لالا یوسف خلجی نے کہا کہ ملکی اداروں پر تنقید کی وجہ سے ہمارے دشمن خوش ہورہے ہیں جو پاکستان کواندرونی طور پر کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں پاکستان کو بیرونی نہیں بلکہ اندرونی دشمنوں سے خطرہ ہے۔