خضدارکو تین اضلاع میں تقسیم کیا جائے تاکہ انتظامی امورکی انجام دہی میں آسانی ہو، سردار محمد اسلم بزنجو
خضدار(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے خضدار کو دو اضلاع میں تقسیم کرکے ایک نیا ضلع بنانے کی خبروں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر نئے اضلاع کا قیام کسی طور پر قابل قبول نہیں۔اگر خضدار کو تقسیم کرکے نئے اضلاع کا قیام ضروری ہے تو خضدار کو انتظامی بنیادوں پر تین اضلاع میں تقسیم کیا جائے تاکہ انتظامی امور کی انجام دہی میں آسانی ہو۔انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع کے قیام سے کسی کو اختلاف نہیں اور انتظامی معاملات میں بہتری کے لیئے نئے اضلاع کا قیام ضروری ہے لیکن حکومت کو اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ اپنے سیاسی مفادات کے تحفظ کے لئے خضدار کو تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کرے۔رقبہ و آبادی کے لحاظ سے خضدار ایک وسیع و عریض ضلع ہے انتظامی طور پر خضدار کو دو نہیں بلکہ تین اضلاع میں تقسیم ہونا چاہیئے۔اگر صوبائی حکومت انتظامی معاملات میں بہتری اور عوام کی سہولت کے پیش نظر نئے اضلاع کے قیام کا خواہش مند ہے تو اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر اور ان کے خدشات و تحفظات دور کرکے اس حوالے سے پیش رفت ممکن بناسکتی ہے۔عوام و سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیئے بغیر عوامی خواہشات کے برعکس اگر محض سیاسی بنیادوں پر کسی خاص ایجنڈے کے تکمیل کے لئے خضدار کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو اس عمل سے علاقائی و سیاسی یکجہتی کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔نیشنل پارٹی اس کو قبول نہیں کریگی۔