جیل مینوئل کے مطابق سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں، محمد اسحاق زہری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سپریٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ محمد اسحاق زہری نے کہا ہے کہ خواتین کے ہمراہ جیل میں موجود بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے محکمہ جیل اور سماجی بہبود کی جانب سے تدریسی اسٹاف تعینات ہے تاہم کتب اور تدریسی سامان کی عدم دستیابی کے باعث وقتی طور پر مسائل کا سامنا ہے،خواتین قیدیوں کی صحت و صفائی اور ماہانہ ضروریات کے لئے بجٹ مختص ہونے تک مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں کا تعاون قابل ستائش اقدام ہے قیدیوں کو جیل مینوئل کے مطابق سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فورم فار ڈیگنیٹی انیشیٹیوز پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عظمیٰ یعقوب سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایف ڈی آئی کی سربراہ نے بلوچستان میں کم عمر قیدیوں، خواتین اور بچوں کی صحت و صفائی اور تعلیم و تدریس اور ہنرمندی سے متعلق مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، اور جیل احاطہ میں بچوں کے لئے مستقل درسگاہ کے قیام کی تجویز پیش کی عظمیٰ یعقوب نے ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں صفائی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات اور ڈسٹرکٹ جیل سپریٹینڈنٹ اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور خواتین اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت سمیت قیدیوں کو چھوٹی سطح کی ہنر مندی سکھانے کے لئے خدمات کی پیشکش کی سپریٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ محمد اسحاق زہری نے کہا کہ اسوقت کوئٹہ جیل میں مختلف مقدمات میں 36 خواتین قیدی موجود ہیں جن کے ہمراہ گیارہ بچے بھی ہیں ہماری کوشش ہے کہ سول سوسائٹی کے تعاون سے جیلوں کو اصلاح معاشرہ کا مثالی نمونہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جیل احاطہ میں بچوں کی درسگاہ کی تعمیر کے لئے ایک پورشن مختص کیا جاسکتا ہے غیر سرکاری فلاحی ادارے حکومت کا ہاتھ بٹائیں اور تدریسی خدمات کے لئے تعاون کے تسلسل کو برقرار رکھیں تو خواتین کے ہمراہ موجود بچوں کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جیل اسٹاف کو خصوصی ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ قیدیوں سے حسن سلوک سے پیش آئیں اور مثبت سمت میں ان کی شخصیت سازی کے لیے عملی نمونہ بنیں تاکہ قید سے رہا ہوکر یہ قیدی معاشرے کا کارآمد شہری ثابت ہوں اور دوبارہ جرائم کی جانب راغب نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی آئی پاکستان سمیت تمام اداروں اور مخیر حضرات کا تعاون اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا ہم پرعزم ہیں کہ حکومت کے شانہ بشانہ تمام طبقہ فکر کے لوگوں کی مشاورت و معاونت سے بلوچستان کی جیلوں کو اصلاح کا عملی نمونہ بنائیں گے۔
٭٭٭٭