اقلیتوں نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑ ھ کراپنا کردارادا کیا ہے،طارق گل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسیح اتحادکے زیراہتمام جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں مرکزی نائب صدر طارق گل کی قیادت میں تربیتی کانفرنس منعقد ہوئی۔جس سے خطاب کرتے ہوئے طارق گل نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم،صحت سمیت دیگر شعبوں میں مسیح اقوام کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اوراقلیتوں نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑ ھ کراپنا کردارادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیح قوم کے پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیکر نوکریوں کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں وفاقی اور صوبائی حکومتیں اقلیتوں کے ملازمتوں میں 5فیصد کوٹے پر عملدرآمدکو یقینی بنائیں تاکہ مسیح قوم سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیح اتحاد کا منشورسیاست کو خدمت اور عبادت سمجھنا، مظلوم اور پسماندہ طبقوں اورخواتین کے مساوی حقوق کیلئے بھر پور کردارادا کرنا،اقلیتوں کو دوہرے ووٹ کا حق دلانا، وطن عزیز میں مذہبی روداری کیلئے کوششیں اورمسیحوں کے خلاف امتیازی قوانین کے خاتمے کیلئے جدوجہد،وطن عزیز میں جمہوری عمل کو آگے بڑھانے،مسیحی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے آواز بلندکرنا،مسیحی طلباء و طالبات کے لئے تعلیمی وظائف میں حکومت کی جانب سے خاطر خواہ اضافے کیلئے جدوجہد، کچی آبادیوں کے مسیحی مکینوں کو مالکانہ حقوق دلاناسرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسیح اتحاد کے قیام کا مقصد کسی کے خلاف کام کرنانہیں بلکہ مسیحی قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرناہے۔