یہ ایک تاریخی لمحہ ہے ہم آج بلوچستان میں اسٹم تعلیمی نظام کا افتتاح کررہے ہیں، آغا حسن بلوچ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلو چستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ اسٹم منصوبے کے تحت ملک بھر میں سرکاری اسکولوں میں پچاس لیبز کو جدید خطوط پر استوار اور منی سسٹم فیب لیبز میں تبدیل کیا جائے گا،یہ ایک تاریخی لمحہ ہے جب ہم آج بلوچستان میں (STEM) اسٹم تعلیمی نظام کا افتتاح کررہے ہیں، میرے لئے یہ ایک خوبصورت خواب کی مانند ہے جو آج پورا ہورہا ہے۔ یہ بات انہوں نے نواب غوث بخش رئیسانی گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول لوہڑ کاریز کوئٹہ میں پاکستان سائنس فاؤنڈیشن وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف سے پہلی بار پاکستان میں اسٹم تعلیمی نظام شروع کرنے کے سلسلے میں بلوچستان کے دس سکولوں کے پرنسپلز کو اس پروگرام کے تحت چیک فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کو اس وڑن کو حقیقت کی شکل دینے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹم منصوبے کے تحت ملک بھر میں سرکاری اسکولوں میں پچاس لیبز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور منی سسٹم فیب لیبز میں تبدیل کیا جائے گا ہر منی اسٹم لیب کسی اینٹ اور مارٹر کے کام کے بغیر موجود لیبز کی تجدید کاری کے ذریعے قائم کیا جائے گا۔ بنیادی طور پر ہر منی اسٹم لیب میں قومی نصاب کے مطابق ڈیزائن کمپیوٹرز، ڈی تھری پرنٹرز، لیزر کٹر مشینیں، روبوٹکس اور سائنس کٹس، ورکنگ ماڈلز سمیت عالمی سطح پر مشہور فیب لیب کے اجزاء ہونگے۔ اسٹم تعلیم کے بارے میں تربیتی ماڈیول گریڈ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے لئے مربوط تدریسی نقطہ نظر کے ساتھ تیار کئے جارہے ہیں ان سکولوں کے اساتذہ کو اسٹم ماڈیولز پر تربیت دی جائے گی جو چین اور پی ایس ایف نے مشترکہ طور پر ڈیزائن کئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے یقین ہے اسٹم منصوبے کی کامیابی کا انحصار تمام اسٹیک ہولڈر، محکموں کے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر ہوگا خاص طور پر صوبے کے اسٹم نامزد سکول اس کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی ذہانت ہماری طاقت ہے اور ہمیں اپنے معاشرے کی ترقی کے لئے اس ذہانت سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اسٹم تعلیم ہمیں اس ترقی کی طرف ایک راستہ فراہم کرتی ہے۔ ایک دن یہ اسٹم ایجوکیشن پروجیکٹ ہمارے ملک کی تعلیمی نظام کی لائف لائن بن جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے چیئرمین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ بلوچستان بھرمیں سائنس کاروان رواں دواں ہے۔ دور دراز کے پسماندہ علاقوں کے سکولوں میں مفید معلومات کی فراہمی اور سائنس ٹیلنٹ فارمنگ سکالر شپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ انشاء اللہ اس پروگرام کا نتیجہ ہمارے لئے بہت فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔تقریب میں سیکرٹری تعلیم بلوچستان عبدالرؤف بلوچ، ڈائریکٹر سائنس کاروان عبدالرؤف، ڈائریکٹر جی ایس پی اور سکول پرنسپلز بھی موجود تھے۔ قبل ازیں تقریب میں سکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کئے جسے وفاقی وزیر نے بہت سراہا اور سکول انتظامیہ کی کاوشوں کی بھرپور داد دی۔