پشاور سے افغان باشندہ گرفتار، ساڑھے نو کلو سونا، لاکھوں ریال برآمد

پشاور(ڈیلی گرین گوادر) سٹی ڈویژن کے تھانہ آغا میر جانی شاہ پولیس نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم انار الدین ولد فخر الدین کو گزشتہ شب سرکلر روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کی گاڑی سے ساڑھے نو کلو گرام سے زائد سونا برآمد کیا گیا اور اسی طرح چھ لاکھ سعودی ریال بھی ملزم کے قبضہ سے برآمد کیے گئے۔

برآمد سونا اور کرنسی کی مالیت تقریباً 16 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، برآمدہ سونا اور غیر ملکی کرنسی ممکنہ طور پر منی لانڈرنگ کے طور پر اسمگل کیا جا رہا تھا۔ایس پی سٹی عبدالسلام خالد کے مطابق ملزم کے حوالے سے دیگر اداروں سے رابطہ کر لیا گیا ہے، رقم اور سونا کو دہشت گردانہ کاروائیوں کے لئے استعمال کرنے کے حوالے سے بھی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی شہری سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور غیر ملکی کرنسی کی برآمدگی بذات خود ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، ملزم کا دہشتگردانہ تنظیموں سے تعلق بارے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ایس پی سٹی کے مطابق ملزم کی بابت بین الاقوامی تحقیقاتی اداروں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے ایف آئی اے کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے