فیاض چوہان کھمبے پر کرنٹ لگنے سے زخمی کارکن سے ملنے اسپتال پہنچ گئے
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کھمبے پر چڑھنے والے پی ٹی آئی کارکن کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچ گئے، جو گزشتہ روز کرنٹ لگنے کے باعث کھمبے سے گر کر زخمی ہوگیا تھا۔راولپنڈی میں مری روڈ پر فیض آباد کے مقام پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ایک کارکن ہائی وولٹیج کی تاروں کے حامل کھمبے پر چڑھ گیا تھا، جہاں سے وہ تاروں میں الجھ کر کرنٹ لگنے کے باعث کئی فٹ بلند کھمبے سے نیچے جاگرا اور زخمی ہوگیا۔ پی ٹی آئی کارکن کا تعلق ضلع اورکزئی اور نام زینت اللہ بتایا جاتا ہے۔
زخمی کو ریسکیو 1122 کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں آج پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان اس کی عیادت کے لیے پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے زخمی کارکن کے علاج سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے ایم ایس کو علاج کی بہترین سہولیات دینے کی ہدایت کی۔