شرم الشیخ: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاک سعودی تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)مصر کے شہر شرم الشیخ میں وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک سعودی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ شہباز شریف اور سعودی ولی عہد میں ماحولیاتی تبدیلی سے مقابلےکے لیےکوششوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ سمیت پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
دوسری جانب سفارتی ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کا نومبر کے تیسرے ہفتے میں دورہ پاکستان متوقع ہے، ان کے 21 نومبر کو دورہ پاکستان کا امکان ہے۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ رواں ہفتے کے آخر میں سعودی خصوصی سکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچے گی اور سکیورٹی انتظامات کا حتمی جائزہ لے گی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ولی عہد کے دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز اضافی بیل آؤٹ پیکج ملنےکی توقع ہے، دورے میں سعودی عرب کی پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری متوقع ہے اور متعدد پاک سعودی پیٹرولیم معاہدوں کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔