بلوچستان بلدیاتی انتخابات/مخصوص نشستیں کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع ہو گئی ہے، فیاض حسین مراد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے32 اضلاع میں مخصوص نشستوں پربلدیاتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی پیر کے روز سے شروع ہو گئی ہے ان مخصوص نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی9 نومبر تک وصول کئے جائیں گے۔یہ بات صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے32 اضلاع میں خواتین،مزدور۔کسان اوراقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر 14دسمبرکوپولنگ ہوگی۔ اس سے قبل امیدواروں کی ابتدائی فہرست10نومبر کو جاری ہوگی۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 سے 14 نومبر تک ہوگی۔ شیڈول کے مطابق ریٹرنگ آفسران کی جانب سے کاغذات مسترد یا منظور ہونے کیخلاف اپیلیں 15 سے17 نومبرتک دائرکی جاسکتی ہیں اسی طرح کاغذات نامزدگی کی اییلوں پر اپیلٹ اتھارٹی22نومبر تک فیصلے کریں گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست اورانتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 25 نومبرکوہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے32 اضلاع میں خواتین کی 2082 اورکسان،مزدوراورغیر مسلم کی 2706نشستوں پرانتخاب 14 دسمبر 2022 کو ہوگا۔